واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی فوج نے خلیج عمان میں ایک اور تجارتی آئل ٹینکر کو ناکارہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز ایران سے تیل منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور اس نے امریکی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان میں کہا ہے کہ 10 جون کی شب گنی بساؤ کے پرچم تلے چلنے والے آئل ٹینکر ایم ٹی جالویر کو ناکارہ بنایا گیا، جو ایران کے خلاف عائد بحری ناکا بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی تیل منتقل کر رہا تھا۔
سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی طیارے نے جہاز کے عملے کو متعدد بار انتباہ کیا، تاہم ہدایات پر عمل نہ ہونے پر جہاز کے انجن روم کو دو ہیل فائر میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس سے جہاز کی نقل و حرکت معطل ہوگئی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ جالویر اس ہفتے ناکارہ بنایا جانے والا تیسرا تجارتی جہاز ہے۔
قبل ازیں پیر اور منگل کو امریکی افواج نے ایم ٹی میری ویکس اور ایم ٹی سیٹیبیلو نامی جہازوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی تھیں۔ سینٹرل کمانڈ نے مزید بتایا کہ 13 اپریل سے جاری بحری ناکا بندی کے دوران اب تک 9 جہاز ناکارہ بنائے جا چکے ہیں جبکہ 135 جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔
ایران نے اس کے جواب میں کویت، بحرین اور اردن میں مختلف فوجی اڈوں اور اہداف پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملے کیے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکی فوجی کارروائیوں کا جواب ہیں۔
ایرانی حکومت نے خبردار کیا کہ اگر یہ حملے جاری رہے تو آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔


