اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں انہیں گرفتاری سے روک دیا ہے۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی، جس میں سیمابیہ طاہر اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور ان کی موکلہ کی گرفتاری کا خدشہ ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد آئندہ سماعت تک سیمابیہ طاہر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی ہے۔


