ہومانٹرنیشنل6 مغربی ممالک کا مغربی کنارے میں آبادکاروں کے تشدد پر پابندیوں...

6 مغربی ممالک کا مغربی کنارے میں آبادکاروں کے تشدد پر پابندیوں کا اعلان

لندن (شِنہوا) برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور ناروے نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد کے حوالے سے مربوط پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

برطانوی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق برطانیہ ایسے 6 اداروں اور ایک فرد پر پابندیاں عائد کرے گا جن پر اس تشدد کی مالی معاونت، سہولت کاری یا براہ راست ملوث ہونے کا الزام ہے۔

فرانس، کینیڈا اور ناروے نے منگل کے روز برطانیہ کے ساتھ نئی پابندیوں کا اعلان کیا جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ گزشتہ ہفتے ہی اس حوالے سے مربوط اقدامات کا اعلان کر چکے تھے۔

برطانیہ کی تازہ پابندیاں ان نیٹ ورکس کے خلاف ہیں جو مغربی کنارے میں آبادکاروں کے فارموں اور چوکیوں کو مالی وسائل، لاجسٹک معاونت اور دیگر وسائل فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔

مغربی کنارے میں رملہ کے شمال مغرب میں واقع گاؤں جبیہ میں ایک فلسطینی شہری اسرائیلی آبادکاروں کی
جانب سے جلائی گئی گاڑی کا جائزہ لے رہا ہے۔(شِنہوا)

نامزد افراد اور اداروں میں فارمز ایسوسی ایشن شامل ہے، جس کے بارے میں برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ یہ آبادکاروں کے فارموں اور چوکیوں کو مالی اور تنظیمی معاونت فراہم کرتی ہے جبکہ اہاوات گیلاد پر الزام ہے کہ یہ بعض چوکیوں کو عطیات منتقل کرتی ہے۔

بیان کے مطابق ان اداروں اور ایک فرد پر اثاثے منجمد کرنے، سفری پابندیوں اور ڈائریکٹرز کی نااہلی جیسے اقدامات لاگو ہوں گے۔

برطانوی وزیر خارجہ یویٹ کوپر نے کہا کہ آبادکاری میں توسیع اور تشدد غیر قانونی ہیں اور یہ دو ریاستی حل کی قابل عمل حیثیت اور فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لئے طویل المدتی امن و سلامتی کے لئے ایک بنیادی خطرہ ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں