اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، مختلف علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دادو اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 48، تربت اور موہنجو داڑو میں 47، سکھر، نوابشاہ، ڈیرہ غازی خان میں 46، ملتان اور بہاولپور میں 45، لاہور میں 43، پشاور میں 42، اسلام آباد اور مظفر آباد میں 40، کراچی اور کوئٹہ میں 37، جبکہ گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کی لہر 12 جون تک برقرار رہے گی اور سندھ کے اکثر اضلاع میں درمیانی سے شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ آج 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو اپیل کی ہے کہ وہ صبح 10 سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ شدید گرمی کے اثرات سے بچا جا سکے۔


