بغداد/دمشق (شِنہوا) ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے جانے کے بعد شام اور عراق سمیت مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک نے اپنی فضائی حدود جزوی یا مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کی رپورٹ کے مطابق حملوں کے بعد ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ سلامتی کی صورتحال کے باعث ملک کی مغربی فضائی حدود کو اگلے نوٹس تک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
تازہ صورتحال کے پیش نظر عراق کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی اقدام کے طور پر ملک کی فضائی حدود کو تمام آنے، جانے اور گزرنے والی پروازوں کے لئے 72 گھنٹے تک عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا۔
اسی طرح شام کی سول ایوی ایشن حکام نے ملک کے جنوبی فضائی راستوں کو عارضی طور پر بند کرنے اور دمشق بین الاقوامی ہوائی اڈے کی پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔
یہ فیصلے ایران کی جانب سے اتوار کی شام اسرائیل پر میزائلوں کی متعدد لہروں کے بعد کئے گئے، جس کے دوران اسرائیل کے بڑے علاقوں میں سائرن بجائے گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے آنے والے تمام میزائلوں کو روک لیا۔


