بشکیک (لارڈ میڈیا): پاکستان اور روس نے غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کے لئے اشتراک کار بڑھانے کا معاہدہ کر لیا۔ یہ معاہدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے کرغزستان میں اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور روسی ہم منصب ولادیمیر کولوکولٹسیف کی ملاقات میں طے پایا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روس، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد بین الاقوامی تعاون کو بڑھانا اور مشترکہ سکیورٹی خدشات پر غور و خوض کرنا تھا۔
پاکستان اور تاجکستان کے وزرائے داخلہ نے افغانستان میں دہشت گردوں کے کیمپوں اور منشیات کی پیداوار پر تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے خطرات کو خطے کے لئے شدید سکیورٹی خدشات قرار دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ازبکستان کے وزیر داخلہ میجر جنرل عزیز تاشپولاتوڡ کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور مشترکہ ٹریننگ پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک نے وزارت داخلہ امور کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ سے بھی ملاقات کی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ کرغزستان کو اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔


