بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ 2026 کے دوران ملک کی درآمدات کو فروغ دینے کے لئے 100 سے زائد تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن کے ذریعے دنیا بھر سے اعلیٰ معیار کی مصنوعات چینی کاروباری اداروں اور صارفین تک پہنچائی جائیں گی۔
وزارت تجارت کی ترجمان حہ یونگ چھیان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پہلی بیرون ملک تقریب 7 جون کو بیلاروس میں منعقد ہوگی جبکہ دوسری تقریب 11 جون کو جرمنی میں ہوگی جو یورپی یونین میں ان تقریبات کا پہلا انعقاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ "چین کو برآمدات” کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ تقریبات دنیا بھر کی کمپنیوں کے لئے چین کو اپنی برآمدات بڑھانے کے مواقع اور پلیٹ فارم مہیا کریں گی، جس سے مختلف ممالک چین کی ترقی سے مزید فائدہ اٹھا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کا ان تقریبات میں شرکت اور چین میں منعقد ہونے والی اہم نمائشوں، جیسے چین بین الاقوامی درآمدات نمائش میں مسلسل حصہ لینے کا خیرمقدم کیا جاتا ہے تاکہ دونوں فریق اس سے مستفید ہو سکیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ وزارت تجارت اس نوعیت کی تقریبات بیجنگ اور ہانگ ژو سمیت چین کے مختلف شہروں میں بھی منعقد کرچکی ہے۔


