اسلام آباد (لارڈ میڈیا): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صحت، معیشت اور خوراک کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ صدر زرداری نے یومِ ماحولیات پر کہا کہ پاکستان کم اخراج کے باوجود کلائمیٹ رسک ممالک میں سرفہرست ہے اور گلیشیئرز کے پگھلنے، سیلاب اور گرمی کی لہروں پر تشویش ہے۔
صدر زرداری نے پانی کے مؤثر استعمال، فضلہ میں کمی، جنگلات کے تحفظ اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو قومی پالیسی کا بنیادی ستون بنایا جائے اور پاکستان بین الاقوامی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط عالمی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے عوام سے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی اپیل کی اور کہا کہ سب مل کر سرسبز اور ماحول دوست پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کریں۔ ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔


