نیویارک (لارڈ میڈیا): امریکا نے غیر قانونی بھارتی شہریوں کے خلاف ‘آپریشن چیک میٹ’ کے تحت سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے مطابق، حالیہ کارروائی میں گرفتار کیے گئے 36 ٹرک ڈرائیوروں میں سے کم از کم 30 بھارتی شہری تھے۔
بھارتی جریدے ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی حکام کے مطابق، متعدد بھارتی شہریوں کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں تھے۔ ان کے خلاف امریکی قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں ملک بدر کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
یوما سیکٹر کے قائم مقام چیف پٹرول ایجنٹ ڈسٹن کاڈل کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر موجود بھارتی ڈرائیور عوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔
سعودی عرب، کینیڈا اور امریکا سمیت کئی ممالک نے جعلی دستاویزات اور فراڈ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا ہے۔ بھارتی حکام کے اعداد و شمار کے مطابق، 2021 سے 2025 کے دوران 52 ممالک سے 171,150 بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا گیا ہے۔
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کے دعووں کے باوجود بھارتی شہری غیر قانونی طور پر ملک سے بھاگ کر بھارت کا پول کھول رہے ہیں۔ مختلف ممالک میں ریاست مخالف سرگرمیوں اور سنگین جرائم میں ملوث بھارتی تارکین وطن عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔


