واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اپنے پریس آفس کو حساس اور خفیہ مقام قرار دیتے ہوئے صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں میڈیا نمائندے امریکی فوج کے معاملات پر سوالات کے جواب دینے والے افسران تک براہِ راست رسائی سے محروم ہو جائیں گے۔
پینٹاگون کے قائم مقام پریس سیکریٹری جوئل والڈیز کے مطابق، اس فیصلے کی وجہ دفتر میں تعینات عملے کی خفیہ معلومات تک رسائی کی ضرورت ہے۔ اس کے تحت دفتر کو حساس نوعیت کا علاقہ قرار دیا گیا ہے، جہاں سیکیورٹی قواعد کے تحت عام افراد یا صحافی داخل نہیں ہو سکتے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پینٹاگون اور صحافیوں کے درمیان دفاتر اور رسائی کے معاملات پر کئی ماہ سے کشیدگی جاری ہے۔ نئے ضوابط کے تحت صحافیوں کے لیے عمارت کے اندر نقل و حرکت کے دوران سرکاری اہلکار کی نگرانی کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔
امریکا کی بڑی صحافتی تنظیم نیشنل پریس کلب نے اس اقدام کو تشویش ناک قرار دیا ہے۔ تنظیم کے صدر مارک شوف جونیئر نے کہا کہ ایسے اقدامات سے شفاف رپورٹنگ متاثر ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق، پینٹاگون کا یہ تازہ فیصلہ امریکی فوج اور میڈیا کے درمیان فاصلے کو مزید بڑھا سکتا ہے، جس کے اثرات فوجی امور کی رپورٹنگ اور عوامی شفافیت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔


