احمد آباد (لارڈ میڈیا): انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے فائنل میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر رائل چیلنجرز بنگلورو کے بلے باز ٹم ڈیوڈ کو آئی پی ایل 2027 کے پہلے میچ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ گجرات ٹائٹنز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں امپائر نتن مینن کی طرف آئس بیگ پھینکنے پر کیا گیا۔
آئی پی ایل انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ٹم ڈیوڈ نے اپنے رویے کا اعتراف کر لیا ہے اور میچ ریفری جواگل سری ناتھ کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کیا ہے۔ انہیں میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
ٹم ڈیوڈ کو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی دفعہ 2.9 کے تحت لیول ون کے جرم کا مرتکب پایا گیا ہے، جس کے تحت میچ کے دوران کسی کھلاڑی، امپائر یا آفیشل کی طرف خطرناک انداز میں کسی چیز کا پھینکنا منع ہے۔
آئی پی ایل قوانین کے مطابق، پانچ ڈیمیرٹ پوائنٹس ہونے پر کھلاڑی پر خودبخود ایک میچ کی پابندی عائد ہوتی ہے۔ ٹم ڈیوڈ کا یہ اس سیزن میں تیسرا بڑا جرم تھا، جس کی وجہ سے ان کے مجموعی ڈیمیرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہو گئی۔
اس معطلی کی وجہ سے ٹم ڈیوڈ آئی پی ایل 2027 میں رائل چیلنجرز بنگلورو کا پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے، اور اگر وہ کسی دوسری ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں تو بھی یہ پابندی برقرار رہے گی۔ یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رائل چیلنجرز بنگلورو نے فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کی، لیکن اہم بلے باز کی معطلی سے ٹیم کو دھچکا پہنچا ہے۔


