نیویارک (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ گروپ آف فرینڈز آف گلوبل گورننس (جی ایف جی جی) نے عالمی نظم ونسق سے متعلق پانچ اہم نکات پر اتفاق رائے قائم کر لیا ہے۔
چینی وزیرخارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں جی ایف جی جی کے اجلاس میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ گروپ کے قیام کے بعد سے تمام اراکین نے عالمی نظم ونسق میں اصلاحات اور بہتری کے حوالے سے وسیع تبادلہ خیال کیا ہے اور اب پانچ بڑے نکات پر اتفاق ہو چکا ہے۔
پہلا نکتہ یہ ہے کہ تمام اراکین بین الاقوامی تعلقات کو جمہوری بنانے کی حمایت کرتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر ملک چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا، طاقتور ہو یا کمزور، امیر ہو یا غریب، اپنے سماجی نظام اور ترقی کے راستے کا انتخاب کرنے کا حق رکھتا ہے اور عالمی نظم ونسق میں برابر کی بنیاد پر حصہ لینے، فیصلے کرنے اور فوائد حاصل کرنے کا حق رکھتا ہے۔
دوسرا نکتہ یہ ہے کہ تمام اراکین اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں پر عمل کرنے، بین الاقوامی قانون اور قواعد کے یکساں اطلاق کو یقینی بنانے اور دوہرے معیار اور جبر کی مخالفت پر زور دیتے ہیں۔
تیسرا نکتہ یہ ہے کہ تمام اراکین اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے تحفظ، کثیرجہتی نظام کے فروغ، کثیرجہتی اداروں کو مضبوط بنانے اور یکطرفہ پالیسیوں اور طاقت کی سیاست کی مخالفت کی حمایت کرتے ہیں۔
چوتھا نکتہ یہ ہے کہ تمام اراکین عالمی نظم ونسق میں اصلاح اور بہتری اور شمالی و جنوبی ممالک کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کی حمایت کرتے ہیں تاکہ تمام ممالک ترقی کے فوائد حاصل کر سکیں اور کوئی ملک پیچھے نہ رہ جائے۔
پانچواں نکتہ یہ ہے کہ تمام اراکین عالمی برادری کو درپیش فوری مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اور ٹھوس نتائج کے ذریعے کام کرنے پر زور دیتے ہیں تاکہ عالمی نظم ونسق زمانے اور عوام کی ضروریات کے مطابق ہو۔


