ہومانٹرنیشنلروس اور چین کے تعلقات "واقعی ایک بے مثال سطح" تک پہنچ...

روس اور چین کے تعلقات "واقعی ایک بے مثال سطح” تک پہنچ چکے ہیں، روسی صدر

ماسکو (شِنہوا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے چین کے سرکاری دورے سے قبل اپنے ویڈیو خطاب میں کہا ہے کہ روس اور چین کے تعلقات "واقعی ایک بے مثال سطح” تک پہنچ چکے ہیں۔

روسی صدر نے کہا کہ "باقاعدہ باہمی دورے اور روس-چین اعلیٰ سطح کے مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام شعبوں کو فروغ دینے اور ان کی لامحدود صلاحیت کو بروئے کار لانے کی مشترکہ کوششوں کا اہم اور لازمی حصہ ہیں۔”

پوتن نے کہا کہ روس اور چین کے تعلقات کی خاص نوعیت باہمی اعتماد اور ہم آہنگی کی فضا، دوطرفہ فائدے اور مساوی تعاون کے عزم، باوقار مکالمے اور دونوں ممالک کے بنیادی مفادات بشمول خودمختاری اور قومی اتحاد کے تحفظ سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت میں ظاہر ہوتی ہے۔

پوتن نے کہا کہ 25 سال قبل روس اور چین نے ہمسائیگی اور دوستانہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے تھے جس نے دونوں ممالک اور عوام کے مفاد میں حقیقی تزویراتی تعلقات اور جامع شراکت داری کی مضبوط بنیاد رکھی۔

پوتن نے کہا کہ روس اور چین سیاست، معیشت اور دیگر شعبوں میں روابط کو فعال طور پر وسعت دے رہے ہیں جبکہ انسانی تبادلوں کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

پوتن نے مزید کہا کہ وہ چینی صدر شی جن پھنگ کے روس کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے عزم کو بے حد سراہتے ہیں۔ "مجھے یقین ہے کہ ہمارے گرمجوش اور دوستانہ تعلقات ہمیں مستقبل کے لئے جرات مندانہ منصوبے بنانے اور انہیں عملی شکل دینے کے قابل بناتے ہیں۔”

پوتن نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے اور یہ طویل عرصہ قبل 200 ارب امریکی ڈالر کی حد عبور کر چکی ہے جبکہ باہمی ادائیگیاں اب تقریباً مکمل طور پر روبل اور یوآن میں کی جا رہی ہیں۔

روسی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی ویزا فری نظام کے آغاز کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے کاروباری اور سیاحتی تبادلوں میں اضافہ ہوگا جبکہ روسی اور چینی شہریوں کے درمیان رابطوں اور ذاتی تعلقات کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ولادیمیر پوتن، شی جن پھنگ کی دعوت پر 19 سے 20 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں