ہومپاکستانگوگل کا پنجاب کے ایک لاکھ سے زائد طلباء کو سرٹیفکیشن کورسز...

گوگل کا پنجاب کے ایک لاکھ سے زائد طلباء کو سرٹیفکیشن کورسز مفت کرانے کا اعلان

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے منیارٹی طلباء کو اوپن میرٹ پر لیپ ٹاپ، ہونہار سکالرشپ کیلئے تمام اہل طلباء کو وظیفہ دینے، پنجاب کے تمام کامرس کالجز کے یونیورسٹیوں سے الحاق، کالجز میں نئی و جدید ترین آئی ٹی لیبز قائم کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں سکول اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پراجیکٹس پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گوگل پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد طلباء کو گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کرائے گا، اس سلسلے میں طلباء سے 400 سے ایک ہزار ڈالر تک کی فیس نہیں لی جائیگی، علاوہ ازیں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلباء کو سائبر سیکیورٹی، اے آئی، بزنس انٹیلی جنس اور 3 سے 6ماہ کے دیگر کورسز بھی کرائے جائیں گے۔

اجلاس میں پنجاب کے 98فیصد طلباء کی جانب سے سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ سکیم پر بھرپور اظہار اطمینان کیا گیا۔

وزیراعلی کو بتایا گیا کہ سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ پروگرام فیز ون میں 38ہزار سے زائد طلباء مستفید ہوئے، جبکہ فیز ٹو کیلئے ایک لاکھ 42 ہزار طلباء نے درخواستیں جمع کرائیں، اس مرحلے میں بصارت سے محروم اور دیگر اسپیشل طلباء کو بھی اسکالرشپ دی جائے گی۔

وزیراعلی نے منیارٹی طلباء کو مساوی بنیادوں پر اوپن میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے، ہونہار سکالرشپ کیلئے تمام اہل طلباء کو وظیفہ دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار یکمشت 62ہزار 949 طلباء کو ہونہار اسکالرشپس دی جائیں گی۔

وزیراعلی کو بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 30ہزار طلباء کیلئے سمری پیش کی تھی تاہم اس دائرہ کار کو بڑھایا گیا۔

فیز ون میں پنجاب کے 262سرکاری کالجز کے 5ہزار 282طلباء کیلئے 23کروڑ 80لاکھ روپے جبکہ فیز ٹو میں 200کالجز کے 4ہزار 310طلباء کیلئے 19کروڑ 40لاکھ روپے کی سکالرشپس رکھی گئی ہیں، جبکہ 365گریجویٹ طلباء کو 25ہزار روپے کی اسکالر بھی دی جائیں گی۔

اجلاس میں پنجاب کے تمام کامرس کالجز کو یونیورسٹیوں سے الحاق کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس کے تحت 29اضلاع کے 36کامرس کالجز کو 19سرکاری یونیورسٹیوں سے منسلک کیا جائے گا اور ہر کالج کا اپنے ضلع کی سرکاری یونیورسٹی سے الحاق کیا جائے گا، ان اداروں میں بزنس، اکانٹ، فنانس، بینکنگ، آئی ٹی اور ای کامرس سے متعلق بی ایس کے 14 ڈسپلن پڑھائے جائیں گے۔

وزیراعلی نے پنجاب میں پہلی بار کالجز ایجوکیشن کی اسٹینڈرڈ رائزیشن کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے کالجز میں پرنسپل، اساتذہ اور اداروں کیلئے کے پی آئیز مقرر کرنے کی منظوری دی، جبکہ سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی کارکردگی کا تعین بھی انہی پیمانوں کے مطابق کیا جائے گا۔

مزید برآں پنجاب کے 166 سرکاری کالجز میں نئی اور جدید ترین آئی ٹی لیبز بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں طلباء کیلئے سہولیات میں اضافے کے حوالے سے وزیراعلی نے کالج طلباء کیلئے الیکٹروبس فیسلیٹی کی منظوری دی گئی، مریم نواز نے سرگودھا سمیت دیگر سکولوں میں بہتری کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت جاری کی۔

اجلاس میں پیکٹا کے تحت گریڈ 8اسسمنٹ امتحانات میں 9 لاکھ 94 ہزار طلباء کی شرکت کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 92 فیصد جبکہ طلباء کا تناسب 84 فیصد رہا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے پہلی 3 پوزیشنیں طالبات کو ملنے پر اظہار اطمینان بھی کیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں