ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ کے دو بڑے ٹیکنالوجی نمائشی میلوں انوایکس اور ہانگ کانگ الیکٹرانکس (بہار ایڈیشن) شروع ہو گئے جہاں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجیز اور جدید الیکٹرانک مصنوعات کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔
یہ دونوں نمائشیں 4 دن تک جاری رہیں گی جن میں 100 سے زائد تقریبات شامل ہوں گی اور 27 ممالک و خطوں سے مجموعی طور پر 2 ہزار 800 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔
ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت کے سیکرٹری برائے اختراع، ٹیکنالوجی و صنعت سن ڈونگ نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ انوایکس نہ صرف ہانگ کانگ کی اختراع اور ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کی سالانہ نمائش ہے بلکہ ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم بھی ہے جو سٹارٹ اپس کو سرمایہ کاروں سے، تحقیق کو صنعت سے اور مقامی کاروباروں کو ملکی و غیر ملکی منڈیوں سے جوڑتا ہے۔
ہانگ کانگ تجارتی ترقیاتی کونسل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر صوفیہ چھونگ نے کہا کہ انوایکس ایک نمایاں اور اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
چھونگ نے کہا کہ یہ نمائش عالمی معیار کے موجدین، تحقیق و ترقی کے مراکز اور ٹیکنالوجی کے علمبرداروں کو یکجا کرتی ہے اور بڑھتی ہوئی تعداد میں نمائش کنندگان کو جدید اختراعات پیش کرنے اور تزویراتی شراکت داریاں قائم کرنے کی طرف راغب کر رہی ہے۔
"انوویٹ، آٹومیٹ اور ایلیویٹ” کے موضوع کے تحت اس سال کی انوایکس 5 اہم شعبوں پر مرکوز کر ہے جن میں اے آئی پلس، روبوٹکس اور کم بلندی والی معیشت شامل ہیں۔
عالمی سطح کے ایک نمایاں الیکٹرانکس تجارتی پلیٹ فارم کے طور پر اس سال کی الیکٹرانکس نمائش میں 15 ممالک اور خطوں کے نمائش کنندگان شریک ہیں جبکہ آسٹریلیا، فرانس، مکاؤ اور تھائی لینڈ پہلی بار حصہ لے رہے ہیں۔


