افغانستان میں طالبان حکومت کی ہٹ دھرمی اور نااہلی نے افغان بچوں کو تاحیات معذوری کے دہانے پر لا کھڑا کردیا ہے، طالبان رجیم کی نااہلی اور غفلت کے باعث ملک میں پولیو کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے جس سے خطے میں موذی وبا کے پھیلنے کا خدشہ ہے، عالمی ادارے نے اس صورتحال پر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونیسف نے افغانستان میں پولیو کے پھیلا ئو پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
یونیسف کے مطابق افغانستان میں 5 سال سے کم عمر کے ہر بچے کیلئے پولیو ویکسی نیشن انتہائی ضروری ہے، افغانستان میں صحت کے اداروں کو بدامنی، سکیورٹی مسائل اور دور دراز علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ماہرین کے مطابق طالبان کی سخت گیر پالیسیوں کی وجہ سے انسداد پولیو مہم ناکام اور صحت عامہ کے مسائل دن بہ دن سنگین ہوتے جا رہے ہیں، پولیو مہم جیسے حساس انسانی مسئلے کو بھی طالبان رجیم نے اپنی سیاسی انا اور شدت پسندانہ نظریات کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔


