چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے، قوم کی حمایت سے افواج پاکستان دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کر رہی ہیں، معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، سائبر و الیکٹرانک وار فیئر میں بھی مہارت کا لوہا منوایا، پاک بحریہ بھی ملکی بحری سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
منگل کو پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں جی ڈی پی 152 اینڈ الائیڈ کورسز کی گریجویشن پریڈ کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی شرکت کی، مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا، اس موقع پر پاس آئوٹ ہونیوالے کیڈٹس نے حلف بھی اٹھایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ اصغر خان اکیڈمی سے پاس آئوٹ ہونیوالے کیڈٹس کی خدمات کی طویل تاریخ ہے، پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس مضبوط فورس ہے، معرکہ حق کے دوران ایئر فورس نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جبکہ سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر میں بھی اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے افواج پاکستان دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں سے مشرق وسطی میں جنگ بندی ممکن ہوئی ہے۔


