4 اپریل کو چین کی سوشل میڈیا انفلوئنسر تاؤ منگشیو کو قازقستان کے “آرڈر آف فرینڈشپ” سے نوازا گیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز بیرونِ ملک قازقستان کے مثبت تشخص کو فروغ دینے پر دیا گیا۔
چین کے جنوب مغربی صوبہ یوننان سے تعلق رکھنے والی تاؤ منگشیو اپنی دلیرانہ گھڑسواری کی ویڈیوز کے باعث شہرت کی بلندیوں تک پہنچیں۔سوشل میڈیا پر اُن کےفالوورز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (چینی): تاؤ منگشیو، چینی سوشل میڈیا انفلوئنسر
” میں ایک دیہاتی علاقےمیں پلی بڑھی ہوں۔ گاؤں میں گھوڑا گاڑیاں عام تھیں۔ میری والدہ مجھے اکثر گھوڑا گاڑی میں بازار لے جاتی تھیں۔ اس لئے مجھے بچپن سے ہی گھوڑوں سے محبت ہے۔ گھڑسواری نے مجھے اعتماد اور ٹیم ورک سکھایا۔ میرے صبر اور برداشت کو نکھارا اور مجھے حوصلہ دیا۔”
سال 2024 میں قازق حکام نے ان کی ویڈیوز آن لائن دیکھیں۔ وہ گھوڑوں سے ان کی سچی محبت سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے تاؤ منگشیو کو چین میں قازقستان کے سفارت خانے کے ذریعے اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی۔
ستمبر 2024 میں اپنے پہلے دورے کے دوران وہ آستانہ اور الماتی گئیں۔ اس کے بعد سے وہ قازقستان کے بارے میں 100 سے زائد پوسٹس شیئر کر چکی ہیں جنہیں پوری دنیا میں ایک ارب سے زائد بار دیکھا گیا۔ مئی 2025 میں انہیں قازقستان کی سیاحت کی سفیر بھی مقرر کیا گیا۔
ساؤنڈ بائٹ 2 (چینی): تاؤ منگشیو، چینی سوشل میڈیا انفلوئنسر
"گھوڑے چین اور قازقستان کو آپس میں ملانے والا ایک پل ہیں۔ گھوڑوں سے مشترکہ محبت نے ہمارے درمیان ایک فطری ثقافتی رشتہ قائم کر دیا ہے۔”
تاؤ کے لئے یہ اعزاز صرف ذاتی کامیابی ہی نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر عزت کا باعث ہے۔ یہ چین اور قازقستان کے عوام کے درمیان گہرے اور قابلِ قدر تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 3 (چینی): تاؤ منگشیو، چینی سوشل میڈیا انفلوئنسر
"یہ میرے لئے صرف اعزاز ہی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے۔ اس میں نہ صرف میری ذاتی حیثیت کو تسلیم کیا گیا بلکہ چین اور قازقستان کے درمیان عوامی سطح پر دوستی اور ثقافتی تبادلے کے لئے قازقستان کی قدر دانی کی بھی عکاسی کر رہا ہے۔ اُمید ہے کہ چین اور قازقستان کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے میں مستقبل میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہوں گی۔”
کونمنگ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


