وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو صوبے میں نکاسی آب کے منصوبے جون سے پہلے مکمل کرنے کا ہدف دیدیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں 15شہروں میں واسا کمپلیکس ڈیزائن کی منظوری دی گئی اور نکاسی آب کے جاری منصوبوں پر 24گھنٹے کام کرنے کا حکم دیا گیا، مون سون سے قبل سیوریج لائن اور بارشی پانی کے نکاس کے منصوبوں کی یقینی تکمیل کی ہدایت کی گئی۔
دوران اجلاس بتایا گیا کہ سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان اور سیالکوٹ میں نکاسی آب کے پراجیکٹس جاری ہیں، جہلم، حافظ آباد، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور راولپنڈی میں بھی نکاسی آب منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
15شہروں کیلئے 2265کلو میٹر طویل سیوریج لائن اور بارش کے پانی کے نکاس کیلئے 189 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائیگی، فیز ون میں 86ڈسپوزل سٹیشن اور 9انڈر گرانڈ سٹوریج ٹینک بنائے جائینگے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ واسا سیوریج اور بارشی پانی کے نکاس کے پراجیکٹ کی تکمیل پر 752کلو میٹر طویل سڑکیں بھی تعمیر کرائیگا، واسا کمپلیکس میں افسران کیلئے ہوسٹل بھی بنائے جائینگے، واسا، ڈیش بورڈ اور موبائل ایپ پر جاری پراجیکٹس کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ہوگی، واسا مون سون سے قبل بڑے پیمانے پر نالوں کی صفائی کیلئے ڈی سلٹنگ مہم بھی شروع کریگا۔


