نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جامع اور تعمیری مذاکرات ہوئے ہیں، امید ہے دونوں فریق بات چیت کا عمل اور جنگ بندی جاری رکھیں گے۔
پریس بریفنگ میں نائب وزیراعظم نے بتایا امید کرتے ہیں کہ دونوں ملک خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے مثبت سوچ سے آگے بڑھیں گے، دونوں ملکوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا یہ ضروری ہے کہ دونوں ملک جنگ بندی جاری رکھنے کے عزم پر قائم رہیں، مذاکراتی عمل میں شریک ایران اور امریکا کے وفود کا شکر گزار ہوں، پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل میں سہولتکاری کا کردار جاری رکھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں پاکستان آیا، سپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد نے مذاکرات میں شرکت کی، فریقین کے درمیان جامع اور تعمیری مذاکرات کے متعدد دور ہوئے، میں نے بطور نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مذاکراتی عمل میں معاونت کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کی جانب سے پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کئے جانے پر انکے مشکور ہیں، امید ہے کہ امریکہ اور ایران امن کیلئے بات چیت کا عمل جاری رکھیں گے۔


