مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی رفتار میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے، حالیہ ہفتے مہنگائی میں 1.93 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ پچھلے ہفتے 1.01 فیصد اضافہ ہوا تھا، سالانہ بنیاد پر بھی مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح 9.12 فیصد سے بڑھ کر 12.15 فیصد ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ ہفتے 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے 8 اشیاء سستی اور 15 کی قیمتیں مستحکم رہیں، ایک ہفتے میں ڈیزل کی قیمت میں 54.71 اور پیٹرول 17.86 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 8.61 فیصد اضافہ ہوا، ٹماٹر کی قیمت میں 9.35، آلو 4.13، پیاز 3.84 اور انڈے کی قیمتوں میں3.77فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایک ہفتے میں بیف، مٹن، بریڈ اور پکی ہوئی دال بھی مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق چکن، آٹا، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ لہسن 3.78 اور کیلے 3.39 فیصد سستے ہوئے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.75 فیصد اضافے کیساتھ 9.33 فیصد رہی، 17ہزار 733سے 22ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.02فیصد اضافے کیساتھ11.50فیصد رہی۔
22ہزار 889روپے سے 29ہزار 517روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.17 فیصد اضافے کیساتھ 10.51فیصد، 29ہزار 518 سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.56فیصد اضافے کیساتھ 10.61فیصد رہی۔


