وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو سینئر ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیم (پرو لیگ) کیلئے درکار تمام فنڈز جاری کر دیئے ہیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے اسے قومی کھیل کی بحالی کیلئے ایک سنگ میل قرار دیا اور حکومت کے غیر متزلزل تعاون پر اسکا شکریہ ادا کیا ہے۔
پی ایچ ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ فنڈز کی فراہمی سے قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا، حکومت کو یقین دلایا ہے کہ ان وسائل کا شفاف اور موثر استعمال کیا جائیگا تاکہ عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کا وقار بلند کیا جا سکے، ہمارے ہیروز قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں جبکہ دورے کے تفصیلی شیڈول اور میچوں کی تفصیلات کا اعلان جلد کر دیا جائیگا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ ہم حکومت کے اس اعتماد پر انکے مشکور ہیں اور ان وسائل کو پاکستان ہاکی کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے بروئے کار لائینگے۔


