نوک: گرین لینڈ کے وزیراعظم جینز فریڈرک نیلسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اشتعال انگیز بیان پر نیٹو اتحاد کو بین الاقوامی قانون کے دفاع کیلئے متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے ہم صرف برف کا ٹکڑا نہیں ہیں۔
غیرملکی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق گرین لینڈ کے وزیراعظم جینز فریڈرک نیلسن نے ٹرمپ کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی برف کا ٹکڑا نہیں ہیں، ہم 57 ہزار آبادی کا حامل اور اچھے بین الاقوامی شہری کی طرح روزانہ کام کر رہے ہیں اور اپنے تمام اتحادیوں کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے جنگ کے بعد نیٹو دفاعی اتحاد اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ بین الاقوامی قانون سمیت جغرافیائی اور سیاسی نظام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اب ان چیزوں کو چیلنج کیا جا رہا ہے اور میرا خیال ہے کہ تمام اتحادیوں کو انہیں برقرار رکھنے کیلئے متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہئے اور مجھے امید ہے ایسا ہوگا۔


