اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین پاکستان قومی اتحاد اور جمہوریت کی بنیاد ہے، اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے ہوئے ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے۔ یومِ دستور کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبے سے منا رہے ہیں ،اس موقع پر دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے مابین ایک مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 10اپریل 1973 ء کو منظور کئے گئے متفقہ آئین پاکستان نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت اور ریاست پاکستان کے مضبوط اداراتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔
آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ آئینی دستاویز نہ صرف ان حقوق کو تفصیل سے بیان کرتی ہے بلکہ ان کی فراہمی کیلئے قانونی لائحہ عمل کو بھی یقینی بناتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 1973ء کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے، جہاں تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں اور تابندہ مستقبل کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو جس عزت و اکرام سے نوازا ہے اس پر ہم اس کے حضور سر بسجود ہیں، پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے ہوئے اپنی ترقی و خوشحالی کا سفر انشااللہ جاری رکھے گا۔


