ہومپاکستانمسیحی برادری کا ملکی ترقی میں فعال کردار قابل فخر ہے، صدر،...

مسیحی برادری کا ملکی ترقی میں فعال کردار قابل فخر ہے، صدر، وزیراعظم

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں مقیم مسیحی شہریوں اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمدردی، امید، تجدید، ازسرِ نو زندگی، تازگی، نجات، زندگی کی موت پر اور اچھائی کی برائی پر فتح کا واضح پیغام دیتا ہے، مسیحی برادری کا ملکی ترقی میں فعال کردار قابلِ فخر ہے۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان میں یہ اقدار محض نظریاتی نہیں بلکہ عملی زندگی میں نظر آتی ہیں، مسیحی مرد و خواتین ہمارے سکولوں، ہسپتالوں، سرکاری خدمات اور مسلح افواج میں خدمات انجام دے رہے ہیں، مسیحی خاندان اس دن کو عبادت اور باہمی میل جول کے ذریعے مناتے ہیں، انکی خدمات ہمارے معاشرے کے معمول کے نظام کا حصہ ہیں اور یہ اعتراف اور احترام کی مستحق ہیں، پاکستانی مسیحیوں کو وطن کیلئے انکی خدمات کے باعث قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، قائداعظم نے ریاست کیلئے ایک واضح سمت متعین کی تھی جو تمام شہریوں کیلئے مذہب اور نسل سے بالاتر ہو کر مساوات، آزادی اور تحفظ پر مبنی ہے، یہ اصول پاکستان کے آئین میں شامل ہیں جو ہر شہری کو برابر کے حقوق اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔

صدر نے کہا ریاست کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان میں تمام برادریاں ان حقوق سے مکمل طور پر مستفید ہوں، حکومت اقلیتی برادریوں کی جان، مال، عزت اور سلامتی کے تحفظ اور انکی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، اس موقع پر میں تمام شہریوں کو تلقین کرتا ہوں کہ وہ ایک دوسرے کیساتھ تحمل، احترام اور ذمہ داری کیساتھ پیش آئیں، ایک مضبوط اور مستحکم معاشرہ اس پر منحصر ہوتا ہے کہ ہم روزمرہ زندگی، کام کی جگہوں، محلوں اور اداروں میں ایک دوسرے کیساتھ کیسا برتا کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغام میں کہا کہ دعا ہے آج کا دن دنیا بھر میں امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لائے، موجودہ حالات میں مذاہب کی امن کی تعلیمات کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

وزیراعظم نے قربانی، درگزر، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کا ملکی ترقی میں فعال کردار قابل فخر ہے، اقلیتوں کے مذہبی، معاشی اور تعلیمی حقوق کا تحفظ حکومتی ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے قومی اتحاد اور ترقی کیلئے مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں