شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ 11 زخمیوں سمیت 12 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ضلع سنٹرل کے علاقے لیاقت آباد میں سندھی ہوٹل آخری سٹاپ کے قریب پولیس نے پیٹرولنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے، گرفتار ملزمان کی شناخت ولی اللہ اور طحٰہ کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی جو سی پی ایل سی ریکارڈ کے مطابق تھانہ نیو ٹائون سے چوری شدہ نکلی، زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ادھر ضلع ویسٹ کے علاقے سرجانی ٹائون زیرو پوائنٹ پر شاہین فورس اور پولیس کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اسکے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت عابد علی کے نام سے ہوئی ہے جو سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور 2023میں دوران ڈکیتی ایک شہری کے قتل میں بھی ملوث رہا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد ہوئی۔
دوسری جانب ضلع سائوتھ کے علاقے بوٹ بیسن میں اتوار بازار کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان نائک محمد، قاسم، زوار حسین اور سعید احمد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں ضلع ویسٹ کے تھانہ مومن آباد کے علاقے سیکٹر 11میں پولیس نے چھ رکنی ڈکیت گینگ سے مقابلہ کیا جس میں چار زخمی ملزمان سمیت 5 کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک فرار ہو گیا، گرفتار ملزمان میں سلمان، عباس، عمر صدیق اور رحمت شامل ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی جبکہ زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔


