چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک پرامن ہوگی، تصادم نہیں چاہتے، کارکنان جذباتی ردعمل سے گریز کریں، نظم و ضبط اپنائیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے شروع کی جانیوالی تحریک مکمل طور پر پرامن ہوگی، کارکنان اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے جذباتی ردعمل سے گریز اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں کیونکہ یہ تحریک ابھی اپنے ابتدائی مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک خالصتا سیاسی و جمہوری نوعیت کی ہوگی، اسے ایک منظم اسٹریٹ موومنٹ کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس تحریک کا مقصد عوامی دبائو کے ذریعے قانونی و آئینی طریقوں سے اپنے مطالبات منوانا ہے، نہ کہ کسی قسم کی انتشار یا تصادم کی فضاء پیدا کرنا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک کی سربراہی عمران خان نے وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے سپرد کی ہے جو صوبے میں تنظیمی اور عملی سطح پر مہم کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اس حوالے سے مکمل حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے تاکہ تحریک کو مرحلہ وار اور موثر انداز میں چلایا جا سکے۔


