بھارتی اداکار وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا راجستھان کے شہر اودے پور میں ایک شاندار ڈیسٹینیشن ویڈنگ کرنے جارہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف جوڑے کی شادی 26فروری کو متوقع ہے اگرچہ جوڑے نے ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا لیکن انکی شادی سے متعلق کئی تفصیلات سامنے آچکی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق تقریبات کا آغاز 24 فروری سے ہوگا جس میں دو دن روایتی رسومات سنگیت اور ہلدی کیلئے مختص ہونگے جس کے بعد مرکزی شادی کی تقریب ہوگی، خاندانی روایات کے مطابق دونوں گھروں میں الگ الگ ابتدائی رسومات بھی ادا کی جاچکی ہیں۔
جنوبی فلم انڈسٹری کے بڑے ستارے ہونے کے باوجود وجے اور رشمیکا نے قریبی اور محدود تقریب کو ترجیح دی ہے، مہمانوں کی فہرست صرف قریبی رشتہ داروں اور چند خاص دوستوں تک محدود رکھی گئی ہے تاکہ تقریب سادہ مگر معنی خیز رہے، شادی کا سب سے زیادہ زیر بحث پہلو نو فون پالیسی ہے جس کیلئے اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی طرح مہمانوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تقریب میں موبائل فون نہ لائیں تاکہ کوئی غیر مجاز تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر نہ پہنچ سکیں، یہاں تک کہ تقریب کور کرنیوالی پروفیشنل ٹیم نے بھی مبینہ طور پر نان ڈسکلوژر ایگریمنٹ پر دستخط کئے ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جوڑا اپنی نجی زندگی کو کمرشلائز نہیں کرنا چاہتا۔
اگرچہ اودے پور میں شادی محدود مہمانوں کیساتھ ہوگی لیکن ایک وائرل دعوت نامے کے مطابق 4مارچ کو حیدرآباد میں ایک شاندار استقبالیہ رکھا جائیگا جہاں فلمی دنیا کے مزید دوست اور ساتھی شرکت کرسکیں گے۔


