دبئی میں رمضان المبارک کے دوران منعقد ہونیوالے رمضان اِن دبئی پروگرام کے تحت شہر بھر میں بڑے مذہبی، ثقافتی اور خاندانی ایونٹس کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں جن کا مقصد رمضان کی روحانی فضا کیساتھ سماجی اور کمیونٹی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پروگرام کے تحت مختلف علاقوں میں افطار و سحری کے خصوصی انتظامات، رمضان نائٹ مارکیٹس، فیملی تفریحی سرگرمیاں، شاپنگ آفرز، ثقافتی پروگرامز اور کمیونٹی ایونٹس منعقد ہونگے جہاں شہریوں کیساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاح بھی رمضان کے ماحول سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اس حوالے سے حکام نے کہا ہے کہ اقدام کا مقصد دبئی کو رمضان کے دوران ایک خاندانی، محفوظ اور ثقافتی سرگرمیوں کے عالمی مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے، اس کے علاوہ مقامی کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے شعبے کو بھی اس سے نمایاں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق رمضان اِن دبئی جیسے پروگرام نہ صرف کمیونٹی روابط کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ شہر کی معاشی اور سماجی سرگرمیوں کو بھی تقویت دیتے ہیں جس سے دبئی کی عالمی شناخت مزید مضبوط ہو رہی ہے۔


