آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی حفاظت کرتے جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہدائے پولیس ہمارا فخر ہیں، پنجاب پولیس 1700 سے زائد شہداء کی امین ہے، امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائیگا، شہدا کے اہل خانہ کی ویلفیئر و دیکھ بھال اولین ترجیح، کسی صورت تنہاء نہیں چھوڑا جائے گا۔
جمعہ کو سانحہ فیصل چوک (چیئرنگ کراس) کے پولیس شہدا کی 9ویں برسی کے موقع پر جاری بیان میں آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پنجاب پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کرتے فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہدا پولیس ہمارا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ شہدا چیئرنگ کراس پنجاب پولیس کے بہادر شہیدوں سے تجدید عہد کا دن ہے، 2017ء میں آج ہی کے دن لاہور کے فیصل چوک مال روڈ پر دہشت گرد حملے میں ڈی آئی جی سید احمد مبین، ایس ایس پی زاہد محمود گوندل، اے ایس آئی محمد امین، ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبل محمد اسلم، کانسٹیبل عرفان محمود اور کانسٹیبل ندیم تنویر نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس 1700سے زائد شہدا کی امین ہے، شہداء کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہدا پولیس کے اہل خانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال اولین ترجیح ہے، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے، امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔


