ہومپاکستانپاکستان کا یمن میں صورتحال معمول پر لانے کیلئے علاقائی کوششوں کا...

پاکستان کا یمن میں صورتحال معمول پر لانے کیلئے علاقائی کوششوں کا خیر مقدم

پاکستان نے یمن میں صورتحال معمول پر لانے کیلئے علاقائی کوششوں کا خیر مقدم، صومالیہ کی خودمختاری و علاقائی سالمیت، تائیوان سمیت تمام کور ایشوز پر چین کی حمایت کرتے ہوئے بھارت سے سندھ طاس آبی کمشنر کے سوالات کا جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ نئے سال کے آغاز پر پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے، معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت سال میں 2 بار قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں، اس وقت پاکستان میں بھارت کے 257 شہری قید ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان نیوکلیئر انسٹالیشن کی فہرست کا تبادلہ بھی یکم جنوری کو کیا جاتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہم منصب کو سوالات بھیجے ہیں، ہم بھارت سے سوالات کا جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان یمن میں صورتحال معمول پر لانے کیلئے علاقائی کوششوں کا خیر مقدم اور یمن تنازعے کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان مذاکراتی اور سفارتی حل کا حامی ہے اس لئے یمن میں قیام امن کیلئے علاقائی کوششوں کی حمایت اور کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تائیوان سمیت تمام کور ایشوز پر چین کی حمایت کرتا ہے، ہم سب کو کسی بھی ایسی کوشش سے باز رہنے کا کہتے ہیں جس سے تناو بڑھے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی طرف سے صومالی لینڈ کو الگ ملک تسلیم کرنے کے اقدام کو مسترد کرتا اور صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے نیز فلسطینیوں کی ملک بدری کے کسی بھی اقدام کو بھی مسترد کرتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلادیش کے سابق وزیراعظم کی نماز جنازہ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور مرحومہ کے بیٹے اور بیٹی سے تعزیت کی۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں