فرینکفرٹ (شِنہوا) موسمیاتی تبدیلی شہری ترقی کے لئے ایک بڑھتا ہوا چیلنج بن چکی ہے اور چین اور جرمنی کے 20 سے زائد شہروں کے نمائندگان نے تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
یہ بات یہاں منعقدہ پہلے جرمن-چینی سٹی سربراہ اجلاس کے دوران زیرِ بحث آئی جس کے مرکزی موضوعات میں موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع کا تحفظ اور پائیدار توانائی شامل تھے جو اقوام متحدہ کے 2030 تک پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کے لئے اہمیت رکھتے ہیں۔
اس سربراہ اجلاس میں چین اور جرمنی کے 100 سے زائد سرکاری عہدیداروں اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی جن میں گوانگ ژو، شین زین، چھنگ دو، شین یانگ، ہائیکو، چھنگ ڈاؤ، کونمنگ، جن ہوا، فرینکفرٹ، مینیہم، ایسن، بون، وُپرٹال، ڈورین، ڈائیٹزن باخ اور کیل سٹرباخ شامل ہیں۔
یہ شہر چین-جرمنی شہروں کی شراکت داری کے تحت بندھے ہوئے ہیں جس کے تحت ہر چینی شہر اور اس کا جرمن ہم منصب شراکت دار شہر بن کر گہرے روابط اور تعاون کے لئے کام کرتے ہیں۔
