اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایران پراسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی جنگ سے دنیا کی معیشت پر بہت فرق پڑے گا،بجٹ ڈیڈ آن ارائیول ،بینک مالکان ارب پتی نہیں کھرب پتے بن رہے ہیں،روپے کی قیمت گرنے سے سود کی قیمت بڑھ جائے گی۔
پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملہ دہشت گردانہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیل کے سب سے بڑے کنویں کویت اور ایران میں ہیں، اسرائیل ایران جنگ سے دنیا کی معیشت پر بہت فرق پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں 10کروڑ40لاکھ بیرل دن کی کنزمپشن ہے، دنیا میں کچھ ہوتا ہے تو تیل کا ذخیرہ 12روز سے زیادہ نہیں ہے، جاپان تک تیل مشرقی وسطی سے ہی آتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ بجٹ ڈیڈ آن ارائیول ہے، 6ہزار 500ارب کا خسارہ بتایا گیا ہے ،3ہزار ارب پرائیوٹ بینک سے اٹھایا جائے گا، صنعت اور محنت کشوں کو قرضہ کہاں سے دیا جائے گا؟، 7ہزار ارب سود کی رقم بن جاتی ہے ،روپے کی قیمت گرنے سے سود کی قیمت بڑھ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صرف 55کڑور روپے خیبرپختونخوا کیلئے مختص کئے گئے ہیں، اس بجٹ سے بینک مالکان ارب پتی نہیں بلکہ کھرب پتے بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریا ت سے ڈیٹا لیا جا رہا ہے جو فالٹی ہے، اس ڈیٹا کے علاوہ دیگر تجاویز اور امور پر غور نہیں کیا جارہا، موٹروے پر 120کے بجائے 20کی اسپیڈ سے گاڑی چلائیں گے تو پیچھے رہ جائیں گے۔