صوفیہ (شِنہوا) بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں منعقدہ چین-بلغاریہ فورم برائے ماحولیاتی تبدیلی و دیہی ترقی میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار دیہی ترقی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت کو اجاگر کیاگیا ہے۔
فورم میں ماہرین کی جانب سے درست زراعت، ڈیجیٹلائزیشن اور فصلوں کی پیداوار کی پیش گوئی جیسے موضوعات پر سائنسی اور تعلیمی بریفنگز پیش کی گئیں۔
بلغاریہ کے وزیر زراعت جیورگی تاہوف نے اپنے تحریری خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی قدرتی وسائل، زراعت اور دیہی برادریوں کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات کا سبب بن رہی ہے۔
انہوں نے چین اور بلغاریہ کے درمیان طویل مدتی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ فورم بروقت اقدام ہے جو موجودہ چیلنجز کے لیے ایک مئوثر ردعمل فراہم کرتا ہے۔
بلغاریہ میں چین کے سفارت خانے کے ناظم الامور وانگ مِن نے فورم میں چین-بلغاریہ زرعی تعاون میں ہونے والی پیشرفت کو اجاگر کیا اور کہا کہ قریبی تبادلوں کے ذریعے یہ تعاون عملی نتائج دے رہا ہے۔


