اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان میں حج 2027 کے اخراجات کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین کو تقریباً 13 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی ادائیگیوں کا آغاز 17 اگست سے ہوگا اور تمام عمل ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب حکومت پاکستان نے حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کی منظوری دی تھی تاکہ حج آپریشن کا ابتدائی مرحلہ بروقت شروع کیا جا سکے۔ سرکاری حج سکیم کے تحت 1 لاکھ 7 ہزار 526 عازمین حج سعودی عرب جائیں گے اور حج کا دورانیہ 40 دنوں پر مشتمل ہوگا، جس کے لیے فی عازم تقریباً 12 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ مختصر دورانیے کی حج سکیم کے اخراجات 13 لاکھ روپے فی عازم ہوں گے اور اس کے تحت حج کا دورانیہ 20 سے 25 دنوں تک ہوگا۔ حکومت نے اس سکیم کے لیے 30 ہزار عازمین کا کوٹہ مختص کیا ہے۔ پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی۔
حج 2027 کے لیے حکومت نے پورے نظام کو ڈیجیٹل کردیا ہے۔ عازمین حج کی درخواستیں حج ایپلیکیشنز کے ذریعے جمع ہوں گی اور ادائیگی بھی پاک حج ایپلیکیشن اور آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جائے گی۔
سرکاری حکام نے بتایا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو حج 2027 کے لیے شراکت دار بینک مقرر کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق نجی حج سکیم کے تحت 71 ہزار 684 عازمین حج سعودی عرب جائیں گے اور انہیں بھی حج فیس کی ادائیگی حکومت کے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہی کرنا ہوگی۔


