کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ کابینہ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور انشورنس نظام میں اہم اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیران، اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کابینہ نے محکمہ ایکسائز کی تجاویز منظور کرتے ہوئے گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس اور انشورنس نظام کو مزید شفاف بنانے پر زور دیا۔ آف روڈ اور تباہ شدہ گاڑیوں کی ڈی رجسٹریشن پالیسی بھی منظور کی گئی۔
فیصلہ ہوا کہ تباہ یا ناقابل استعمال گاڑیوں کے مالکان 30 ستمبر 2026 تک تحریری اعلامیہ جمع کرائیں گے، ورنہ گاڑیاں آف روڈ تصور ہوں گی۔ غیر ادا شدہ واجبات کے حامل گاڑیوں کی رجسٹریشن 30 روز بعد معطل اور 60 روز بعد منسوخ ہوگی۔
کابینہ نے لائسنس یافتہ موٹر ڈیلرز کے لیے ہولڈنگ پیریڈ ریلیف کی منظوری دی، جس کے تحت دوبارہ فروخت کے لیے گاڑیاں 12 ماہ تک بغیر رجسٹریشن رکھی جا سکیں گی۔
موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کے تسلسل سے متعلق بھی اصلاحات منظور کی گئیں، جس کے تحت گاڑی کی ملکیت تبدیل ہونے پر بھی موجودہ انشورنس اپنی مدت مکمل ہونے تک برقرار رہے گی۔ ان اصلاحات کو ایس ای سی پی، سی ڈی سی اور انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔


