مظفر آباد (لارڈ میڈیا) آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 27 اور ایل اے 28 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد 1 میں مسلم ليگ ن کی نورین عارف 18919 ووٹ لے کر کامیاب رہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک علی 18621 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب، ایل اے 28 مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے بازل علی نقوی 28170 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ن لیگ کے چوہدری شہزاد 26864 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کی 8 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلزپارٹی کے حصے میں 5 سیٹیں آئیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، ایل اے 27 پر خراب موسم کی وجہ سے ووٹنگ ملتوی کی گئی تھی، جبکہ ایل اے 28 کے کچھ حلقوں میں سامان کی ترسیل نہ ہونے کے باعث ووٹنگ نہیں ہو سکی تھی۔


