ہومتازہ ترینچین نے جاپان کے نئے دفاعی وائٹ پیپر میں "چین کے خطرے"...

چین نے جاپان کے نئے دفاعی وائٹ پیپر میں "چین کے خطرے” سے متعلق بیانیہ مسترد کر دیا

بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے جاپان کے نئے دفاعی وائٹ پیپر میں چینی فوج سے متعلق مواد کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں نام نہاد "چین کے خطرے” کے بیانیے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد صرف جاپان کی اپنی فوجی توسیع پر عائد پابندیوں میں نرمی کے لئے جواز پیدا کرنا ہے۔

چین کی وزارت دفاع کے ترجمان چھن شی نے ذرائع ابلاغ کے سوال کے جواب میں کہا کہ جاپان کی جانب سے چین پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات "چور مچائے شور” کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے اس وائٹ پیپر پر چین کی شدید ناراضی اور سخت مخالفت کا اظہار کیا۔

یہ بیان جاپان کی وزارت دفاع کی جانب سے "ڈیفنس آف جاپان 2026” کے اجرا کے بعد سامنے آیا، جس میں چین کی فوجی سرگرمیوں کو جاپان کے لئے "اب تک کا سب سے بڑا تزویراتی چیلنج” قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں تائیوان کے گرد و نواح میں چین کی فوجی سرگرمیوں پر بھی تنقید کی گئی ہے اور خطے کی سلامتی کی صورتحال کو مزید سنگین انداز میں پیش کیا گیا۔

چھن شی نے وائٹ پیپر کو "جھوٹے بیانیوں سے بھرپور” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاپان سکیورٹی خدشات کو بہانہ بنا کر اپنی فوج پر عشروں سے عائد پابندیوں کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کی حکمران قیادت نے ملک کی تین اہم سکیورٹی دستاویزات میں تیزی سے تبدیلیاں کی ہیں، دفاعی بجٹ میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، طویل فاصلے تک حملہ کرنے کی صلاحیت کو وسعت دی جا رہی ہے اور فوجی توسیع کو قومی اداروں، صنعتوں اور عوامی رائے کا حصہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

چھن شی نے خبردار کیا کہ جاپان کا "دوبارہ عسکریت پسندی” کا رجحان جنگ عظیم دوم کے بعد قائم ہونے والے بین الاقوامی نظام کے لئے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور یہی علاقائی امن و استحکام کے لئے حقیقی خطرہ ہے۔

ترجمان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے متعلق ہے اور یہ چین اور جاپان کے تعلقات کی سیاسی بنیاد سے براہ راست وابستہ معاملہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم جاپان پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی جارحیت کی تاریخ پر سنجیدگی سے غور کرے، چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے، جاپانی عوام اور عالمی برادری کو گمراہ کرنا ترک کرے اور دوبارہ عسکریت پسندی کی غلط راہ پر مزید آگے بڑھنے سے باز رہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں