ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کردہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق سال 2026 کی دوسری سہ ماہی میں ہانگ کانگ کی حقیقی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 4.3 فیصد کا سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ مردم شماری و شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق یہ شرح پہلی سہ ماہی میں ریکارڈ کئے گئے 5.9 فیصد اضافے کے مقابلے میں سست رہی۔
ایچ کے ایس اے آر حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دوسری سہ ماہی کی معاشی ترقی مضبوط تجارتی سرگرمیوں اور مستحکم ملکی طلب کے باعث ممکن ہوئی۔
اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نجی صارفین کے اخراجات حقیقی معنوں میں گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 2.9 فیصد بڑھے ہیں۔
قومی کھاتوں کے مطابق اشیا کی کل برآمدات اور درآمدات میں حقیقی معنوں میں بالترتیب 28.8 فیصد اور 29.3 فیصد اضافہ ہوا۔ خدمات کی برآمدات 3.4 فیصد جبکہ خدمات کی درآمدات 2.8 فیصد بڑھ گئیں۔
ترجمان نے کہا کہ رواں برس کی دوسری ششماہی میں مصنوعی ذہانت سے متعلق مصنوعات کی عالمی سطح پر مضبوط طلب اشیا کی برآمدات کو مزید تقویت دے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سیاحوں کی آمد میں مسلسل اضافے سے توقع ہے کہ خدمات کی برآمدات کو فائدہ پہنچے گا جبکہ مستحکم لیبر مارکیٹ، کاروباری اعتماد اور صارفین کے مثبت رجحان کے باعث ملکی طلب بھی مضبوط رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان نے مشرقِ وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور بعض معیشتوں کے تحفظ پسند تجارتی اقدامات کی جانب بڑھتے رجحان جیسے منفی عوامل کی بھی نشاندہی کی۔
ہانگ کانگ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


