واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ معاہدے پر دستخط کرنے کا یہ آخری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز آئندہ روز بحری آمدورفت کے لیے کھول دی جائے گی۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی موجودہ سفارتی عمل کا پہلا مرحلہ ہے، جس کے بعد ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا آغاز ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی امریکہ کی بنیادی پالیسی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کوئی فیس عائد نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی فریق محصولات نافذ کرنے کی کوشش کرے گا تو امریکہ بھی اسی انداز میں جواب دے گا۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کو آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے جبکہ ایران کے لیے معاہدے پر دستخط کرنے کا وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔


