ہومتازہ ترینچینی کمپنی نے کیمرون میں بنیادی شہری سہولتوں کی ترقی کے لئے...

چینی کمپنی نے کیمرون میں بنیادی شہری سہولتوں کی ترقی کے لئے مقامی افرادی قوت کی تربیت کا پروگرام شروع کر دیا

یاوندے (شِنہوا) چائنہ فرسٹ ہائی وے انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ (سی ایف ایچ ای سی) نے کیمرون میں مقامی مہارتوں کو فروغ دینے کے لئے ایک تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔

"سیگل ٹیلنٹ پروگرام” کا افتتاح دارالحکومت یاوندے میں ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں کیمرون کے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں، چینی سفارت کاروں، نیشنل ایڈوانسڈ سکول آف پبلک ورکس (ای این ایس ٹی پی) کے اساتذہ اور تربیت حاصل کرنے والے افراد نے شرکت کی۔

10 روزہ تربیتی پروگرام میں مجموعی طور پر 54 شرکاء حصہ لے رہے ہیں، جن میں منصوبے کے 24 مقامی ملازمین اور 30 طلبہ شامل ہیں۔

چینی ماہرین اور ای این ایس ٹی پی کے اساتذہ کی جانب سے فراہم کئے جانے والے اس پروگرام میں سروے کی تھیوری، آلات کا استعمال، عملی فیلڈ تربیت، کارپوریٹ کلچر اور ڈرون آپریشنز سے متعلق تربیت شامل ہے۔

سی ایف ایچ ای سی کے بین الاقوامی آپریشنز ڈویژن کے جنرل منیجر یانگ سونگ نے کہا کہ اس پروگرام کو صلاحیتوں کو نکھارنے اور تیار کرنے کے ایک مرکز کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے۔

یانگ نے کہا کہ سی گل ٹیلنٹ پروگرام ایک منظم اور مربوط تربیتی نظام کے ذریعے مقامی ملازمین کی پیشہ ورانہ مہارت، ٹیم ورک اور صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرے گا تاکہ عالمی سوچ، مضبوط تکنیکی مہارت اور بین الثقافتی روابط کی صلاحیت رکھنے والی افرادی قوت تیار کی جا سکے۔

یانگ سونگ نے مزید کہا کہ یہ پروگرام ہماری بین الاقوامی حکمت عملی کے لئے درکار افرادی قوت کو مضبوط بنائے گا اور کیمرون میں بنیادی شہری سہولتوں کی ترقی اور جدت کو مزید فروغ دے گا۔

کیمرون کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر جیکس فام ندونگو نے اس اقدام کو مہارتوں اور ٹیکنالوجی کی براہ راست منتقلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کے تعلیمی نظام کو پیشہ ورانہ خطوط پر استوار کرنے کے ہدف کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے ہمارے طلبہ کے لئے اپنے ڈیزائن دفاتر اور تعمیراتی مقامات کے دروازے کھولے، ہمارے جامعاتی نصاب کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دی اور انہیں چین کے بڑے منصوبوں میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی اور معیارات سے روشناس کرایا۔ یہ کیمرون کے نوجوانوں پر آپ کے اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مشترکہ مقصد ایسی اعلیٰ تربیت یافتہ قومی افرادی قوت تیار کرنا ہے جو مستقبل میں ملک کے بڑے بنیادی شہری سہولتوں کے منصوبے بنائے اور انتظام سنبھال سکے۔ یہی حقیقی تکنیکی خودمختاری ہے۔ یہ شراکت داری صرف سڑکیں بنانے تک محدود نہیں بلکہ ہمارے انسانی وسائل کے مستقبل کی تعمیر کی جانب ایک حقیقی تزویراتی شراکت داری ہے۔

اس پروگرام کی مشترکہ اسناد کیمرون کی وزارت اعلیٰ تعلیم، چائنہ فرسٹ ہائی وے انجینئرنگ کمپنی (سی ایف ایچ ای سی) اور چائنہ ہائی وے اینڈ ٹرانسپورٹیشن سوسائٹی جاری کریں گی۔

سی ایف ایچ ای سی 1992 سے کیمرون میں کام کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس نے اس عرصے کے دوران بنیادی شہری سہولتوں کے 132 کے قریب منصوبے مکمل کئے ہیں اور مختلف شعبوں میں 2 ہزار سے زائد مقامی پیشہ ور افراد کو تربیت فراہم کی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں