تہران (شِنہوا) ایران نے مغربی ایشیا میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور فروغ دینے کے لئے جاری سفارتی کوششوں اور اقدامات کی تازہ پیش رفت پر سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے پیر کی صبح اطلاع دی کہ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نےاتوار کے روز سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطے کئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں فریقوں نے علاقائی تعاون اور سیاسی حل کی دستیاب صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے ہفتے کے روز بھی اپنے سعودی ہم منصب اور پاکستانی آرمی چیف سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو کی تھی، جس کے دوران انہوں نے امریکہ کو کسی بھی "مہم جوئی” سے باز رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ یا اسرائیل ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی "جارحیت یا مخاصمانہ کارروائی” کرتے ہیں، یا خطے کے دیگر ممالک ایسی کارروائیوں میں شریک ہوتے ہیں، تو ایرانی مسلح افواج اس کا "فیصلہ کن اور مناسب” جواب دیں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی "مہم جوئی پر مبنی کارروائیوں” کے نتائج کی ذمہ داری ان کے پس پردہ عناصر پر عائد ہوگی۔


