پشاور (لارڈ میڈیا): ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد لوئر چترال کے جغور گول نالہ میں سیلاب آ گیا ہے، جس کے نتیجے میں 26 مکانات اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب کے باعث ایک رابطہ پل بہہ گیا، جس سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ قابل کاشت زمینوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں، جہاں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راؤ حاشم عظیم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ساجد علی یوسفزئی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے۔ ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، ایبٹ آباد، کرم، خیبر، باجوڑ، ڈیرہ اور بنوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز دیر میں 61 ملی میٹر بارش ہوئی، مالم جبہ میں 25، چراٹ اور کاکال میں 22، جبکہ بالاکوٹ اور پشاور میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


