تہران (لارڈ میڈیا): ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ دو سال کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری سامان کی فراہمی کی تیاری کر رہی ہے اور بدترین حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باوجود ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں ہونے دی گئی۔
نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ حکومت آئندہ دو سال کی ضروریات کے لیے مختلف شعبوں میں مطلوبہ سامان کی فراہمی کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ممکن اور بدترین صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کر رہی ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن اشیا یا وسائل کا ذخیرہ کیا جا رہا ہے۔
محمد رضا عارف نے کہا کہ عوام کے درمیان امن و اطمینان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ جنگی صورتحال کے باوجود ایرانی انتظامیہ نے ملک میں ضروری اشیا کی قلت پیدا نہیں ہونے دی اور عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔


