اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : وفاقی آئینی عدالت نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور مراعات کو ان کا بنیادی قانونی حق قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ پنشن اور مراعات بغیر عدالت کے حکم کے نہیں روکی جا سکتیں اور ادائیگی میں تاخیر قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔
جسٹس ارشد حسین کا تحریر کردہ نو صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے خلاف اپیل یا نظرثانی بروقت دائر نہ کرنے کی صورت میں اسے حتمی تصور کیا جاتا ہے اور تاخیر سے دائر نظرثانی کو بعد میں آئینی درخواست کے ذریعے چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے نجی بینک کے برطرف ڈرائیور محمد اکرم کو تمام سابق مراعات کے ساتھ بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ 17 سال گزرنے کے باوجود لیبر کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونا تکلیف دہ ہے۔


