مسقط (لارڈ میڈیا): پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم نے اپنے غیر ملکی دورے کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں عمان کی سینئر قومی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی۔ میچ کے دوران عبداللہ نے پینلٹی اسٹروک پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی جبکہ رانا سمیع نے بہترین فیلڈ گول کرکے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔
یہ میچ انتہائی سخت موسمی حالات میں کھیلا گیا جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اور حبس کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق، یہ میچ اصل شیڈول کے تحت رات کو کھیلا جانا تھا، لیکن سمندری بگولے کے باعث وقت تبدیل کر کے دوپہر 4:30 بجے متبادل پچ پر منتقل کر دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کو تیز دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود میدان میں اترنا پڑا، لیکن پاکستان کے کھلاڑیوں نے بہترین فٹنس، ڈسپلن اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ سینئر بین الاقوامی ٹیم کے خلاف یہ فتح نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے اور آنے والے مقابلوں کی تیاریوں کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔


