اورنج (لارڈ میڈیا): فرانس کے شہر اورنج میں پولیس نے ایک گھر سے کارڈبورڈ کے ڈبوں میں پانچ نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد ایک جوڑے کو حراست میں لے لیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق خاتون نے حال ہی میں ایک صحت مند بچے کو جنم دیا تھا جبکہ کارڈبورڈ ڈبوں میں رکھی لاشیں گلنے سڑنے کے مرحلے میں تھیں۔ انہیں پلاسٹک کے تھیلوں میں رکھ کر چھپایا گیا تھا۔
پولیس نے خاتون جس کی عمر 32 سال بتائی گئی ہے اور اس کے شوہر دونوں کو تفتیش کے لیے گرفتار کر لیا ہے۔ فرانسیسی استغاثہ اس معاملے کو 15 سال سے کم عمر بچوں کے مبینہ قتل کے طور پر دیکھ رہی ہے جبکہ فرانزک معائنے سے بچوں کی موت کی وجوہات اور وقت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جوڑے کے دیگر بچوں کو بچوں کے تحفظ کے اداروں کی نگرانی میں دے دیا گیا ہے جبکہ حال ہی میں پیدا ہونے والے نومولود بچے کے مستقبل کا فیصلہ متعلقہ عدالت کرے گی۔ تفتیش ابھی جاری ہے اور پولیس نے مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔


