اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت پاکستان نے حج کے خواہشمند افراد کے لیے نئی شرعی سیونگ اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت عازمین حج صرف 10 فیصد اخراجات پیشگی جمع کروا کر کئی سال پہلے اپنی حج بکنگ کروا سکیں گے۔ وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ یہ اسکیم 2027 سے 2030 تک قابل عمل ہوگی اور اس کا آغاز آئندہ دو سے تین ماہ میں متوقع ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق یہ سیونگ اسکیم مکمل طور پر شریعت کے اصولوں کے مطابق تیار کی جا رہی ہے تاکہ حج کے اخراجات کو آسانی سے پورا کیا جا سکے۔ اس میں عازمین اپنی رقوم حکومتی بچت پروگرام میں جمع کرا سکیں گے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ اس اسکیم کے آغاز کے بعد عازمین حج صرف 10 فیصد اخراجات پیشگی جمع کر کے اپنی رجسٹریشن اور بکنگ کروا سکیں گے۔ حکام کے مطابق اسکیم آئندہ دو سے تین ماہ میں عملی طور پر کام شروع کر دے گی۔
حکام کے مطابق عازمین کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رقوم حکومت کے پاس ایک ڈپازٹ کی صورت میں موجود رہیں گی۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان رقوم کو کن منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا۔
پاکستان میں اس سے قبل بھی عوام کو اسلامی بینکاری پروگراموں کے ذریعے بچت کی ترغیب دی جاتی رہی ہے، تاہم یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ مخصوص طور پر عازمین حج کے لیے شریعت کے مطابق بچت اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے کہا ہے کہ اس اسکیم کی باقاعدہ منظوری حاصل کی جا چکی ہے اور اسے مالیاتی اداروں کے تعاون سے چلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم میں عازمین کو دو طرح کے شریعہ اکاؤنٹس کی سہولت دی جائے گی۔


