ہومتازہ ترینچینی وزارت تجارت کا چینی گاڑیوں پر ترکیہ کی پابندیوں کے خلاف...

چینی وزارت تجارت کا چینی گاڑیوں پر ترکیہ کی پابندیوں کے خلاف ڈبلیو ٹی او کے فیصلے کا خیرمقدم

بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت نے بتایا ہے کہ چین نے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں قرار دیا گیا ہے کہ چین سے درآمد کی جانے والی الیکٹرک اور بعض دیگر گاڑیوں پر ترکیہ کی عائد کردہ پابندیاں عالمی تجارتی قوانین کے خلاف ہیں۔

وزارت تجارت کے محکمہ معاہدات و قانون کے ایک عہدیدار نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ عالمی تجارتی تنظیم نے چین کی جانب سے دائر کئے گئے مقدمے پر پینل رپورٹ جاری کی، جس میں چین کے موقف کی تائید کرتے ہوئے قرار دیا گیا کہ ترکیہ کے اقدامات عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کے منافی ہیں۔

عہدیدار کے مطابق ترکیہ نے 2023 سے چینی الیکٹرک گاڑیوں، ہائبرڈ گاڑیوں اور بعض دیگر گاڑیوں پر اضافی درآمدی محصولات اور درآمدی لائسنس کی شرط سمیت متعدد پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد، جن میں متعین محصولات، قومی برابری کے اصول اور سب سے زیادہ پسندیدہ ملک کے اصول شامل ہیں، کی خلاف ورزی ہیں اور ان سے چین کے جائز تجارتی مفادات اور دونوں ممالک کے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ چین ترکیہ پر زور دیتا ہے کہ وہ ڈبلیوٹی او کے پینل کے فیصلے کا احترام اور عملی اقدامات کرے اور جلد از جلد قواعد سے مطابقت نہ رکھنے والے اپنے اقدامات واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ چین کھلے پن پر مبنی باہمی فائدے کی حکمت عملی پر مضبوطی سے کاربند ہے اور ڈبلیو ٹی او کی مرکزیت پر مبنی کثیرجہتی تجارتی نظام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر عالمی تجارتی قواعد کی پاسداری کرتے ہوئے نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں اور دیگر شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کے معیار اور سطح کو بہتر بنانے اور مشترکہ ترقی کے حصول کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں