امریکہ (لارڈ میڈیا): ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ گھروں میں گیس کے چولہے کے بجائے بجلی کے چولہے استعمال کرنے سے دمہ کی علامات کی شدت میں نمایاں کمی آتی ہے۔ کیس ویسٹرن ریورس یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں 85 بالغ افراد اور بچوں کو شامل کیا گیا جن میں دمہ کی شدت کافی زیادہ تھی۔ ان افراد کے گھروں میں گیس کے چولہوں کو بجلی کے چولہوں سے تبدیل کرنے کے بعد ان کی صحت میں بہتری دیکھی گئی۔
تحقیق کے دوران گھروں کے اندر فضائی معیار کا جائزہ لیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ کی سطح میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی۔ محققین کے مطابق ان افراد کی صحت میں آنے والی بہتری ادویات کے استعمال سے آنے والی بہتری کے برابر یا اس سے بہتر تھی۔
مزید برآں، دمہ سے متاثرہ مریضوں کی بیماری کے باعث غیر حاضری میں 80 فیصد تک کمی آئی جبکہ ڈاکٹروں کے پاس جانے کی ضرورت بھی 70 فیصد تک گھٹ گئی۔
محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج محدود ہیں کیونکہ اس میں بہت کم افراد کو شامل کیا گیا تھا اور دیگر گروپس سے موازنہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔


